ویب ڈیسک: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر نِدھی تیواری نے خود کشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نِدھی کی لاش ہفتے کے روز بھوسا موڑ میں واقع ان کے گھر سے پھندے سےلٹکی ہوئی ملی۔ اہل خانہ انہیں اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
نِدھی کے فیس بک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً 16 لاکھ فالوورز تھے۔ وہ وِنْدھیا خطے کی نمایاں سوشل میڈیا شخصیات میں شمار ہوتی تھیں اور ان کی ویڈیوز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جاتا تھا۔
مقامی افراد کے مطابق نِدھی اداکاری اور ماڈلنگ کے شعبے میں کیریئر بنانا چاہتی تھیں۔ وہ مختلف تقریبات اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری سے بھی وابستہ رہیں اور 2024 میں ’مس پریٹی انڈیا‘ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق واقعے سے قبل نِدھی کسی شخص سے فون پر بات کر رہی تھیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ اور واقعے کے پسِ پردہ حالات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
پولیس نِدھی کی فون کالز، ڈیجیٹل سرگرمیوں اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ اہل خانہ، دوستوں اور قریبی افراد سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
نِدھی کی موت کی خبر کے بعد ان کے مداحوں اور فالوورز کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔