(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہبازشریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، چینی سفیر نےشہباز شریف کو شی جن پنگ کا خط پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر شی جن پنگ کا ایک خط پیش کیا جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کے خط پر اظہارِ تشکر کیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے چین کے ساتھ 'آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری' (all-weather strategic partnership) کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے عوامی سطح پر رابطوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے مابین تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں باہمی تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔