ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی 90 کی دہائی کی مقبول اور بلاک بسٹر فلم ’کرن ارجن‘ میں اپنے کردار سے شہرت پانے والی اداکارہ ممتا کلکرنی 25 سال بعد ممبئی واپس آگئیں۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ممتا کلکرنی کی ممبئی آمد کی خبرسے مداحوں اور میڈیا میں کھلبلی مچ گئی۔ اداکارہ ممتا کلکرنی پر ایک نیٹ منشیات کیس کی ایف آئی آر درج تھی جسے ممبئی کی عدالت نے ناکافی ثبوت کی بنا کر بالآخر خارج کرکے اداکارہ کو کلین چٹ دے دی ہے۔
اداکارہ نے 25 برس بعد اپنے آبائی شہر واپسی پر انسٹاگرام پر تصویر اور ویڈیو شیئر کی۔جس میں انہوں نے ایک جذباتی کیپشن لکھ کر وطن واپسی پر اپنے تاثرات بیان کیے۔ انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ 2000 میں اپنے ملک سے باہر گئی تھیں۔
ویڈیو میں اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’میں بہت جذباتی ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ اس کا اظہار کیسے کروں، جب میری پرواز یہاں اتری تو میں دائیں اور بائیں دیکھ رہی تھی اور میں نے اپنے ملک کو 24 سال بعد فضا سے دیکھا اور میں سخت جذباتی ہوگئی۔‘
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی فوٹو کے کیپشن میں ممتا کلکرنی نے لکھا کہ ’25 برس بعد اپنے مادروطن واپسی، 2012 میں کمبھ میلے میں شرکت کے لیے آئی تھی اور اب 12 برسوں بعد 2025 میں ہونے والے کمبھ میلے میں شرکت کے لیے میں یہاں ہوں۔‘
اداکارہ کی واپسی کی خبر پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فلمی کیریئر اور فلموں میں انکے کرداروں کو یاد کیا اور پوسٹ کے کمنٹس میں تہنیتی پیغامات لکھے۔
واضح رہے کہ اداکارہ ممتا کلکرنی نے 1990 کی دہائی کی مشہور فلموں جیسے ’کرن ارجن‘ اور ’بازی‘ میں شاندار اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔
انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان اور گووندا جیسے صف اول کے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، تاہم 2000 کی دہائی کے اوائل میں ممتا کلکرنی نے بالی وڈ کو خیرباد کہہ دیا اور بیرون ملک منتقل ہو گئیں جہاں انہوں نے شہرت اور میڈیا سے دور زندگی گزاری۔
ممتا کلکرنی کا نام 2015 کے ایک بڑے منشیات اسمگلنگ کیس سے جوڑا گیا تھا جب حکام نے ان کے شوہر وکی گوسوامی کے ساتھ 2000 کروڑ روپے کے منشیات کے کارٹل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
تاہم حال ہی میں ممبئی ہائی کورٹ نے ان کے خلاف منشیات کیس میں ایف آئی آر کو منسوخ کرتے ہوئے انھیں کلین چٹ دے دی ہے۔