پنجاب میں دھند، موٹرویز بند،پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

پنجاب میں دھند، موٹرویز بند،پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ
کیپشن: پنجاب میں دھند، موٹرویز بند،پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

ویب ڈیسک:  پنجاب بھر میں شدید دھند کا راج برقرار ہے۔ جس کی وجہ سے موٹرویزاور جی ٹی روڈ کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا ہے جبکہ فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہے۔ دوسری جانب پہاڑوں پر برفباری سے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سرد رہے گا۔
تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طورپر ابرآلود رہنے، کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند چھائی رہے گی۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا ہے، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم3 لاہور سے ملتان تک بند ہے جبکہ موٹر وے ایم 4 پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔

موٹروے ایم 11 لاہور سیالکوٹ پر بھی ٹریفک کی نو انٹری ہے، حد نگاہ میں بہتری کے بعد ملتان سکھر موٹروے ایم 5 کو کھول دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی دھند کا راج برقرار ہے، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہے، کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، ٹرینوں کی آمدورفت بھی بدستور تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

لاہور ائیر پورٹ پر آنے اور جانے والی 14 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ 

لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی اے 474 گیارہ گھنٹے اور ER - 421 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

لاہور سے استنبول جانے والی پرواز Tk-745 تیس منٹس جبکہ جدہ جانے والی پرواز چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 405 دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار جبکہ پی اے 401 کینسل کردی گئی ۔

لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی اے 410 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 413 چار گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

مدینہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 748 پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 417 دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

جدہ سے لاہور آنے والی پروازوں میں پی اے 471 گیارہ گھنٹے سے زائد ER - 422 سات گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

ریاض سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 475 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 406 دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار جبکہ پی اے 402 کینسل کردی گئی۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا آج کم سے کم درجہ حرارت 7، زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں آج بارش برسنے کے کوئی امکانات نہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 97 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔

بین الاقوامی موسمیاتی ویب سائٹ کے مطابق ہنزہ میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ قلات میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ میں منفی 7، ایبٹ آباد میں 4، پشاور میں 6، بہاولپور میں 7 ، کراچی میں 9 جبکہ لاہور میں 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان، کشمیر ، مری ،گلیات اورگردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیش گوئی ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کا امکان ہے۔

Watch Live Public News