ویب ڈیسک: عمان میں کرایہ داری کے حقوق کو منظم کرنے کے لیے نیا قانون نافذ کر دیا گیا ہے، جس پر تمام مالکانِ مکان کو عمل کرنا لازم ہوگا۔ اس کے تحت کرایہ داری کے تنازعات کے حل کے لیے ایک نیا کمپیوٹرائزڈ اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
عمان کی وزارتِ داخلہ نے کرایہ داری تنازعات کے لیے کمپیوٹرائزڈ قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں، جنہیں تنازعات کے حل اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے دائرہ کار میں توسیع کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق کرایہ داری تنازعات کے فیصلے کے لیے کمپیوٹرائزڈ درخواستیں جمع کرائی جا سکیں گی، جن میں فریقین کی رابطہ معلومات اور سرکاری فیس کی ادائیگی کا ثبوت شامل ہونا ضروری ہوگا۔ کمیٹی کے چیئرمین کی اجازت کے بغیر مقدمے کی دستاویزات تک رسائی اور ترسیل ممکن نہیں ہوگی، اور تمام عدالتی کارروائیاں الیکٹرانک منٹس میں ریکارڈ کی جائیں گی۔
کمیٹی کے سیکریٹری کو درخواستیں کمپیوٹر ڈیٹا میں درج کرنے اور سات دنوں کے اندر سماعت کے لیے شیڈول تیار کرنے کی پابندی ہوگی۔ سماعت کی تاریخ فریقین کو ای میل کے ذریعے اطلاع دی جائے گی، یا متبادل طریقہ اختیار کیا جائے گا۔
اگرچہ طریقۂ کار بنیادی طور پر الیکٹرانک ہوگا، تاہم ضرورت پڑنے پر چیئرمین فریقین کی ذاتی حاضری طلب کر سکتے ہیں۔ فریقین بھی اپنی ذاتی حاضری کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جس پر سات ورکنگ دنوں میں فیصلہ کیا جائے گا۔
نئے ضوابط میں تکنیکی اور سائبر سیکیورٹی معیارات کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، اور یہ فیصلہ عمان میں ڈیجیٹل تبدیلی اور تنازعات کے مؤثر حل کے حکومتی اقدامات کو مزید مستحکم بناتا ہے۔