(ویب ڈیسک ) ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دفاع پریس کے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیجِ فارس میں موجودہ عدمِ تحفظ کی براہِ راست وجہ امریکا اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیاں ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے۔ ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے متصل ساحلی ممالک کی حیثیت سے، اس معاملے پر بھرپور اور تعمیری مذاکرات کر چکے ہیں،ان مذاکرات کے نتیجے میں بحری آمدورفت کے ایک متفقہ راستے کا نقشہ طے پا گیا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں مکمل امن و سلامتی کی بحالی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک امریکی مداخلت اور بحری پابندیاں ختم نہیں ہوتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمان سے مذاکرات اور آبنائے ہرمز کھولنا 2 الگ معاملات ہیں، عمان کے ساتھ تکینکی سطح پر مذاکرات ہو رہے ہیں جس کا تعلق آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت سے ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کا انحصار امریکا پر ہے، اسے مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔