وزیراعظم کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہارِ افسوس، شفاف تحقیقات کا حکم

وزیراعظم کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہارِ افسوس، شفاف تحقیقات کا حکم
کیپشن: وزیراعظم کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہارِ افسوس، شفاف تحقیقات کا حکم

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کی جان و عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر جرأت، بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

وزیراعظم کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ قوم اپنے ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

شہباز شریف نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔

Watch Live Public News