ویب ڈیسک: میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی انگلینڈ کی ٹیم کو میچ کے فوراً بعد بڑا دھچکا لگا، جب تجربہ کار مڈفیلڈر جارڈن ہینڈرسن فتح کا جشن مناتے ہوئے زخمی ہو گئے
رپورٹس کے مطابق میچ کے اختتام پر ہینڈرسن شائقین کے ساتھ خوشی منانے کے لیے اشتہاری بورڈ پھلانگ رہے تھے کہ توازن بگڑنے سے گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کی کلائی بری طرح متاثر ہوئی۔ انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور مزید معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوچل نے بتایا کہ ابتدائی طبی معائنے کے مطابق ہینڈرسن کی کلائی کی انجری تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فتح کے موقع پر ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے، جبکہ کھلاڑی کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ میچ میں انگلینڈ نے ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود عمدہ کھیل پیش کیا۔ جوڈ بیلنگھم نے دو گول اسکور کیے، جبکہ کپتان ہیری کین نے پنالٹی پر ایک گول کرکے ٹیم کی 3-2 سے فتح یقینی بنائی۔
انگلینڈ کو دوسرے ہاف میں اس وقت بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب جیرل کوانساہ کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ٹیم نے بقیہ وقت 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔
36 سالہ ہینڈرسن کو اس ورلڈ کپ میں اب تک محدود مواقع ملے ہیں اور وہ صرف پاناما کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ میں مختصر وقت کے لیے میدان میں اترے تھے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کو پہلے ہی ریس جیمز کی انجری اور جیرل کوانساہ کی معطلی کا سامنا ہے، ایسے میں ناروے کے خلاف کوارٹر فائنل سے قبل ہینڈرسن کی انجری ٹیم کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔