(ویب ڈیسک ) حماس کی جانب سے غزہ میں اپنی حکومت ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس نے غزہ میں حکومت کی ہنگامی کمیٹی تحلیل کر دی ہے اوراختیارات غزہ کے انتظامی امور کی قومی کمیٹی کو منتقل کر دیے گئے۔
اس حوالےسے حماس نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کا انتظام سونپنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ قومی کمیٹی برائے انتظامیہ غزہ کا قیام اس 'امن بورڈ' کے تحت عمل میں آیا جسے امریکی صدر نے تشکیل دیا تھا۔
حماس کا کہنا ہے کہ یہ منتقلی اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ روکنے کے لیے کی گئی۔
حماس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کا عملہ سیکیورٹی کے لیےاپنی جگہ موجود رہے گا۔
غزہ میں گورنمنٹ میڈیا آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل الثابتہ نے الجزیرہ کو بتایا: "وزارت داخلہ کے تمام ملازمین اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کام جاری رکھیں گے کہ کوئی حفاظتی خلا پیدا نہ ہو۔"
واضح رہے کہ حماس نے دو دہائیوں تک غزہ کی پٹی کا انتظام سنبھالے رکھا ۔ حماس نے 2006 کے قانون ساز انتخابات میں کامیابی کے بعد 2007 سے غزہ کا انتظام سنبھال رکھا تھا۔شہری انتظامیہ کے امور چلانے کےلے ٹیکنوکریٹک کمیٹی کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی۔