واٹس ایپ میں یوزر نیم کیسے ریزرو کریں؟ مکمل طریقہ کار جانیں

واٹس ایپ میں یوزر نیم کیسے ریزرو کریں؟ مکمل طریقہ کار جانیں

(ویب ڈیسک )میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

جس کے تحت مستقبل میں صارفین اپنے فون نمبر کی بجائے یوزر نیم کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کو مزید بہتر بنانا اور ذاتی فون نمبر کو غیر ضروری طور پر شیئر ہونے سے بچانا ہے۔

اگرچہ یہ فیچر ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوا، تاہم واٹس ایپ نے پسندیدہ یوزر نیم ریزرو کرنے کا آپشن فراہم کر دیا ہے۔ اس لیے اگر آپ اپنی پسند کا نام محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو جلد از جلد اسے ریزرو کر لینا بہتر ہوگا، کیونکہ ایک بار کسی صارف کے منتخب کرنے کے بعد وہی یوزر نیم دوبارہ دستیاب نہیں ہوگا۔

واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ یوزر نیم صرف موبائل ایپ کے ذریعے ہی ریزرو کیا جا سکتا ہے، جبکہ فیچر باضابطہ طور پر فعال ہونے پر صارفین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

آئی فون صارفین کے لیے طریقہ کار:

واٹس ایپ کھولیں۔
نیچے موجود You ٹیب پر جائیں۔
اپنی پروفائل پر ٹیپ کریں۔
Create Username یا Reserve Username کے آپشن کو منتخب کریں۔
اپنی پسند کا یوزر نیم درج کرکے محفوظ (Save) کر دیں۔
اینڈرائیڈ صارفین کے لیے طریقہ کار:

واٹس ایپ کھولیں۔
اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں (Three Dots) پر ٹیپ کریں۔
Settings میں جائیں اور اپنی پروفائل کھولیں۔
Create Username یا Reserve Username کا انتخاب کریں۔
مطلوبہ یوزر نیم درج کرکے اسے محفوظ کر دیں۔
واٹس ایپ میں ہر یوزر نیم منفرد ہوگا، یعنی اگر کوئی نام پہلے ہی کسی دوسرے صارف نے منتخب کر لیا ہو تو آپ کو متبادل یوزر نیم اختیار کرنا ہوگا۔

صارفین اپنے ریزرو کیے گئے یوزر نیم کو بعد میں تبدیل یا حذف بھی کر سکیں گے۔ تاہم یوزر نیم حذف کرنے کے بعد وہ 14 دن تک محفوظ رہے گا، جس کے بعد کوئی دوسرا صارف اسے حاصل کر سکے گا۔

میٹا نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ ایک صارف کتنی مرتبہ اپنا یوزر نیم تبدیل کر سکے گا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک مخصوص حد مقرر ہوگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر آپ پہلے سے فیس بک یا انسٹاگرام پر کوئی یوزر نیم استعمال کر رہے ہیں تو وہی نام واٹس ایپ پر بھی استعمال کیا جا سکے گا، بشرطیکہ وہ دستیاب ہو۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ کا ہر یوزر نیم 3 سے 35 حروف پر مشتمل ہوگا اور کمپنی کی مقرر کردہ پالیسی کے مطابق ہی قابلِ قبول ہوگا۔

Watch Live Public News