خیبر پختونخوا اور کراچی میں افغان مہاجرین و بوہری برادری آج عید منا رہے ہیں

خیبر پختونخوا اور کراچی میں افغان مہاجرین و بوہری برادری آج عید منا رہے ہیں
کیپشن: خیبر پختونخوا اور کراچی میں افغان مہاجرین و بوہری برادری آج عید منا رہے ہیں

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں کئی مقامات پر افغان مہاجرین آج عیدالاضحیٰ منا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر افغان مہاجرین بھی آج عید الاضحیٰ منا رہے ہیں، جہاں انہوں نے نماز عید ادا کی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حیات آباد، بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، شمشتو کیمپ، ناصر باغ میں نماز عید الاضحیٰ ادا کی گئی۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر جامع صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت عیدگاہوں، عوامی مقامات اور قربانی کے لیے مختص کردہ مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نماز سے قبل تمام عیدگاہوں کی مکمل صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ماحول دوست بائیوڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز شہریوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ قربانی کے جانوروں کے فضلے کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگائیں۔

کراچی میں بوہرہ برادری آج عیدالاضحیٰ منا رہی ہے

شہر قائد میں بسنے والی بوہرہ برادری کی جانب سے آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔شہر میں قائم برادری کی مختلف مساجد میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

بوہرہ برادری کے نمازِ عید کے اجتماعات صدر، پاکستان چوک، حیدری، بلوچ کالونی، نارتھ ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ہوئے جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نماز کے دوران امت مسلمہ، ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو دن بھر جاری گا۔

بوہرہ برادری کے افراد نے اجتماعی اور انفرادی سطح پر قربانی کا اہتمام کیا، جس کے بعد گوشت مستحقین میں بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News