سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کیلئےخوشخبری، 120 دن کی معافی کا اعلان

سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کیلئےخوشخبری، 120 دن کی معافی کا اعلان
کیپشن: سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کیلئےخوشخبری، 120 دن کی معافی کا اعلان

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر صوبے بھر کی جیلوں میں قید عام قیدیوں کے لیے 120 دن کی خصوصی سزا معافی کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق معافی کا اطلاق صرف عام سزا یافتہ قیدیوں پر ہوگا، جبکہ سزائے موت پانے والے قیدی اس رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔ اسی طرح قتل، دہشت گردی، جنسی زیادتی، اغواء، منشیات، فارن ایکٹ، جاسوسی اور مالی بدعنوانی جیسے سنگین مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں پر بھی اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ترجمان کے مطابق، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس معافی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایسے قیدی جنہیں عدالتوں کی جانب سے عام جرائم میں سزا سنائی گئی ہو اور وہ سخت رویے یا سنگین جرم میں ملوث نہ ہوں، انہیں 120 دن کی سزا میں رعایت دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عید کے موقع پر قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو خوشی دینے کی نیت سے کیا گیا ہے، تاکہ وہ جلد اپنے پیاروں کے ساتھ زندگی کا نیا آغاز کر سکیں۔

Watch Live Public News