(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ،دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج مکہ المکرمہ میں ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا۔
پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود عازمین کے لیے مملکت کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام کے لئے سعودی عرب کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے زمہ دارانہ ردعمل کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور انسانی بحران پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور غزہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عالمی برادری کی جانب سے اپنی زمہ داری کی ادائیگی پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے مسلئہ فلسطین کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن انیشی ایٹو پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بڑھتے اور مضبوط ہوتے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی، سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کر لیا۔