ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم سیاسی مشاورت آج متوقع ہے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد حکومتی ٹیم سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ، بالخصوص ترقیاتی پروگراموں اور فنڈز کی تقسیم سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ دونوں فریقین کے درمیان ترقیاتی بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر رہنما نوید قمر اور شیری رحمان شامل ہوں گے۔ دوسری جانب حکومتی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اہم حکومتی شخصیات بھی اجلاس میں شریک ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ سے قبل اتحادی جماعتوں کے درمیان یہ مشاورت غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ ترقیاتی منصوبوں، صوبوں کے حصے اور عوامی ریلیف سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت مالی سال 2026-27 کا بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس میں معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔