ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے 8 سے 12 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر ( ہیٹ ویو) کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے دوران متعدد شہروں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
اسی طرح پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، سبی، تربت اور پنجگور میں بھی ہیٹ ویو کے اثرات متوقع ہیں، جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں، ہلکے رنگ اور ڈھیلے کپڑے پہنیں اور بچوں، بزرگوں و مریضوں کا خصوصی خیال رکھیں۔
ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران جسم میں پانی کی کمی، چکر آنا، سر درد، شدید تھکن اور ہیٹ اسٹروک جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔