مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما انتقال کر گئے

مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما انتقال کر گئے
کیپشن: مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما، سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 266 اور پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم پنجاب کے سربراہ سردار صفدر خان لغاری طویل علالت کے بعد لاہور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سردار صفدر خان لغاری معدے کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ روز ان کی سرجری بھی کی گئی تھی۔ تاہم طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم رکنِ قومی اسمبلی سردار محمد اظہر خان لغاری کے صاحبزادے تھے اور مسلم لیگ (ن) میں ایک متحرک اور فعال سیاسی کارکن کے طور پر جانے جاتے تھے۔ پارٹی کی سوشل میڈیا مہمات اور تنظیمی سرگرمیوں میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔

سردار صفدر خان لغاری کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد صادق آباد سمیت مختلف علاقوں کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف شخصیات نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی سیاسی و تنظیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق سردار صفدر خان لغاری کی وفات مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، جبکہ ان کی خدمات کو پارٹی کارکن طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

Watch Live Public News