ویب ڈیسک: پنجاب کے بعد، ایک اور صوبے کی ٹریفک پولیس نے سڑکوں کو روزانہ کے مسافروں اور دیگر راہگیروں کے لیے محفوظ بنانے کے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سڑک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کراچی کی ٹریفک اتھارٹیز نے ہیلمٹ قانون سے متعلق ایک نیا ضابطہ نافذ کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو تین راستوں پر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جن میں میٹروپول سے کلفٹن برج، شاہراہِ فیصل، اور پی آئی ڈی سی سے سعودی قونصلیٹ تک کے راستے شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا’ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو ان تین سڑکوں پر واپس بھیج دیا جائے گا، ہم ابتدائی طور پر ان تین سڑکوں کو ماڈل سڑکیں بنا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام موٹر سائیکل حادثات میں ہونے والی چوٹوں اور جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے لیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ، حکام رمضان المبارک میں ایک آگاہی مہم کا آغاز کریں گے تاکہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننے کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
رمضان کے بعد اس قانون کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی اور بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔