ویب ڈیسک: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائلوں کے ذریعے اسرائیلی شہر تل ابیب پر حملہ کر دیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل پر بیک وقت درجنوں ڈرونز اور میزائل داغے، تاہم ابتدائی اطلاعات میں حملوں سے ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تل ابیب کی فضائی صورتحال براہ راست دکھانے والے کیمرے کو عین اس وقت نیچے سڑک کی جانب موڑ دیا گیا جب ایرانی میزائل فضا میں داخل ہو رہے تھے، تاکہ میزائلوں کی آمد براہ راست نہ دکھائی جا سکے۔ مزید یہ کہ حملے کے دوران شہر میں سائرن بھی نہیں بجائے گئے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ایرانی ڈرونز نے خلیج عمان میں موجود امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ روسی میڈیا کے مطابق اس حملے کے بعد امریکی طیارہ بردار جہاز خلیج کے علاقے سے دور ہٹ گیا۔
ادھر بحرین کے دارالحکومت منامہ میں دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔