ویب ڈیسک: بھارت کا پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔
مصدقہ انٹیلیجینس ذرائع کے مطابق بھارتی بدنام زمانہ انٹیلیجنس ایجنسی را نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اپنی پراکسیوں کو سر گرم کر دیا ہے۔ را کے دہشت گردی کے منصوبہ کے مطابق بی ایل اے، فتنہ الخوارج اور غیر قانونی افغانیوں کو گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں دہشت گردی کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔
انٹیلیجنس ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے بھارتی را نے بی ایل اے اور فتنہ الخوارج کے علاوہ چند اور دہشت گردوں کو افغانستان سے بھی متعلقہ علاقوں میں بھجوا دیا ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق چند خود کش بمبار جو دہشت گردی کی کاروائی میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا استعمال کر سکتے ہیں، کو متعلقہ علاقوں کی ریکی کروا دی گئی ہے۔ بھارتی سرپرستی میں کیے جانے والے دہشت گردی کے اس مذموم منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور سرگرم ہیں۔
بھارت کی بلوچستان میں دہشت گردی کے واضح اور نا قابل تردید ثبوت پہلے ہی منظر عام پر آ چکے ہیں۔ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کرواکر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے اس بڑے منصوبے کے پیچھے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں بری طرح ناکامی ہے۔