پاکستانی حملے کاخوف: بھارت میں سول ڈیفنس مشقوں کا اعلان ، کشیدگی میں اضافہ؟

پاکستانی حملے کاخوف: بھارت میں سول ڈیفنس مشقوں کا اعلان ، کشیدگی میں اضافہ؟
کیپشن: پاکستانی حملے کاخوف: بھارت میں سول ڈیفنس مشقوں کا اعلان ، کشیدگی میں اضافہ؟

ویب ڈیسک: پاکستان کے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر بھارتی حکومت نے ملک بھر میں سول ڈیفنس کی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے، جو مختلف ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں منگل کو منعقد کی جائیں گی۔ بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ مشقیں ملک کے 244 سول ڈیفنس اضلاع میں گاؤں کی سطح تک کی جائیں گی۔

اگرچہ سرکاری احکامات میں پاک بھارت کشیدگی کا براہ راست ذکر نہیں کیا گیا، تاہم یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلگام واقعے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ واضح طور پر بڑھ چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ مشقیں دراصل پاکستان کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کے پیش نظر کی جا رہی ہیں۔

کون لے گا حصہ؟

نوٹیفکیشن کے مطابق، ان مشقوں میں ضلعی سطح کے سرکاری حکام، سول ڈیفنس وارڈنز، ہوم گارڈز، این سی سی، این ایس ایس، یوتھ رضاکار تنظیموں، اسکول اور کالج کے طلباء کو شامل کیا جائے گا۔ ان کا بنیادی ہدف عام شہریوں کو ہنگامی حالات میں دفاعی اقدامات اور انخلاء کی تربیت دینا ہے۔

مشقوں میں کیا ہوگا؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان مشقوں میں شہریوں کو حملے کی صورت میں خود کو محفوظ رکھنے کی تربیت دی جائے گی۔ اس میں "کراس بلیک آؤٹ" جیسی تکنیکیں شامل ہوں گی، جن کے تحت مخصوص وقت کے لیے بجلی بند کر کے شہریوں کو تربیت دی جائے گی کہ کیسے وہ خود کو نظر سے اوجھل رکھ سکیں۔

اہم تنصیبات جیسے ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور آئل ریفائنریز کی سیکیورٹی کو جانچنے کے لیے ان کی کیموفلاجنگ (مسخ کرنے) کی مشق کی جائے گی۔ ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے عملے کی فوری رسپانس صلاحیتوں کو بھی آزمایا جائے گا۔ علاوہ ازیں، کمزور علاقوں سے محفوظ مقامات تک شہریوں کی منتقلی کی مشقیں بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گی۔

پس منظر میں بڑھتی کشیدگی

تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارت کی اس ملک گیر مشق کا براہ راست تعلق حالیہ سیاسی و عسکری کشیدگی سے ہے، خاص طور پر پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کے تناظر میں۔ پاکستان کی جانب سے ان الزامات کی تردید کے باوجود، بھارت کے اس اقدام کو دباؤ بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News