ویب ڈیسک: گوجرانوالہ کے تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں دیرینہ دشمنی نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ معمولی تلخ کلامی کے بعد ملزم عمران شیرو نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ عثمان ورک، 28 سالہ وقاص، 40 سالہ عمران عاشق، 18 سالہ عمر اور افضل شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت عثمان ورک کے گن مین سلمان کے طور پر ہوئی ہے، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر ایس پی صدر کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عمران شیرو اپنے ساتھی سمیت قریبی اسکول میں چھپ گیا تھا۔ پولیس کو آتا دیکھ کر ملزم نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ تتلے عالی صفدر عطا بھٹی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز نوشہرہ ورکاں کے مطابق، پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مرکزی ملزم عمران شیرو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ زخمی ایس ایچ او کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔