ویب ڈیسک: کینیڈا کے شہر اوکوٹکس میں لگژری موبائل فونز شاپ میں تیز رفتار گاڑی جاگھسی، اچانک پیش آنے والے حادثے نے ملازمین کو حواس باختہ کردیا، واقعہ کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق گاڑی چلانے والی بزرگ خاتون تھیں جو حادثے میں زخمی ہوگئی جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کے ابتدائی بیان میں کہا گیا کہ خاتون کو ممکنہ طور پر طبی دورہ (medical episode) پڑا جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکیں۔
حادثے میں دکان کو شدید نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے وقت دکان میں موجود عملہ اور صارفین معجزاتی طور پر محفوظ رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ اتنا اچانک تھا کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ دکان کے مالک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا لمحہ تھا لیکن وہ شکر گزار ہیں کہ سب محفوظ ہیں۔
پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ حادثے کی اصل وجہ کیا تھی، اور آیا کہ گاڑی میں کوئی فنی خرابی بھی تھی یا صرف طبی مسئلہ ہی واقعے کا سبب بنا۔