ویب ڈیسک: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون میں واقع ایکلویہ آدرش اسکول اس وقت خبروں کی زینت بنا جب اسکول کی پرنسپل اور لائبریرین کے درمیان جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ معاملہ مار پیٹ اور بال نوچنے تک جا پہنچا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس کے بعد دونوں خواتین کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں خواتین ایک دوسرے کو تھپڑ مار رہی ہیں اور بال کھینچ رہی ہیں، جب کہ آس پاس موجود افراد انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جھگڑا کسی انتظامی معاملے یا ذاتی رنجش کے باعث شروع ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گیا۔ واقعے کے بعد دونوں خواتین نے ایک دوسرے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔
محکمہ تعلیم نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دونوں کو فوری طور پر برطرف کر دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے رویے کی تعلیمی اداروں میں کوئی گنجائش نہیں۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، اور صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ لوگوں نے اس واقعے کو "تعلیم کا مذاق" قرار دیا، جب کہ کچھ نے خواتین کے جذباتی دباؤ اور کام کے ماحول پر سوال اٹھائے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور دونوں فریقین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔