معرکۂ حق کا ایک سال مکمل: ملک بھر میں جشنِ فتح کی تقاریب جاری

معرکۂ حق کا ایک سال مکمل: ملک بھر میں جشنِ فتح کی تقاریب جاری
کیپشن: معرکۂ حق کا ایک سال مکمل: ملک بھر میں جشنِ فتح کی تقاریب جاری

ویب ڈیسک: معرکۂ حق کی عظیم کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشنِ فتح کی پروقار تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔

اسی سلسلے میں اسلامیہ کالج پشاور میں پاک فوج اور کالج کے طلبہ و اساتذہ کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا، جسے شوقین حضرات نے بے حد جوش و خروش کے ساتھ دیکھا۔ گراؤنڈ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر حاضرین نے زبردست داد دی۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس دوستانہ میچ کا مقصد نہ صرف جشنِ فتح منانا تھا بلکہ طلبہ اور پاک فوج کے درمیان تعلقات کو مضبوط اور ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی تھا۔

دوسری جانب پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں بھی جشنِ فتح کی رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں ننھے طلبہ نے پاک فوج کے ہمراہ پرچم کشائی کی، ملی نغمے پیش کئے اور خوبصورت ٹیبلوز کے ذریعے وطن سے محبت کا دلکش اظہار کیا۔

تقاریب میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ پاک فوج نے بچوں کے جذبے اور ولولے کو سراہا۔ طلبہ نے معرکۂ حق کی کامیابی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پرجوش نعرے بھی لگائے، جس نے جشنِ فتح کے ماحول کو اور بھی شاندار بنا دیا۔

Watch Live Public News