رومانیہ میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، وزیراعظم الی بلوجون کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے بعد ختم

رومانیہ میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، وزیراعظم الی بلوجون کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے بعد ختم
کیپشن: رومانیہ میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، وزیراعظم الی بلوجون کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے بعد ختم

ویب ڈیسک: رومانیہ میں سیاسی بحران اس وقت سنگین صورتحال اختیار کر گیا جب وزیراعظم الی بلوجون کی حکومت تحریک عدم اعتماد کی منظوری کے بعد ختم ہو گئی۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق رومانیہ کی پارلیمنٹ میں حکومت کے خلاف پیش کی گئی تحریک واضح اکثریت سے منظور کر لی گئی۔ ووٹنگ کے دوران 281 ارکان نے حکومت کے خلاف جبکہ نہایت کم ارکان نے حمایت میں ووٹ دیا۔ حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے 233 ووٹ درکار تھے، تاہم اپوزیشن اس سے کہیں زیادہ حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت میں سوشلسٹ پارٹی اور دائیں بازو کے اتحاد نے اہم کردار ادا کیا۔ حکومت کے خاتمے کی بنیادی وجہ سخت معاشی پالیسیوں اور کفایت شعاری کے اقدامات پر اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات بتائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں سوشلسٹ پارٹی نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کر لی۔

حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں سیاسی غیر یقینی کی نئی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق وزیراعظم الی بلوجون نئی حکومت کی تشکیل تک عبوری طور پر اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، تاہم ان کے اختیارات محدود ہوں گے۔

دوسری جانب رومانیہ کے صدر نے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں سے فوری مشاورت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیاسی و سماجی ماہرین کے مطابق انتہا پسند جماعتوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ نے ملک کی سیاسی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

Watch Live Public News