(ویب ڈیسک ) بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نےہاکستان کے ساتھ دوطرفہ کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت کھیل نے تمام فیڈریشنز کو اس حوالے سے سرکلر بھیج دیا، پاکستان کے ساتھ کسی قسم کے کھیلوں کے دوطرفہ مقابلوں پر عائد پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔
بھارتی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیمز پاکستان میں دو طرفہ مقابلوں میں شرکت نہیں کریں گی اور نہ ہی پاکستانی ٹیموں کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت دی جائے گی،انٹرنیشنل یا ملٹی لیٹرل مقابلوں میں ہم بین الاقوامی اسپورٹس باڈیز کے اصولوں اور اپنے کھلاڑیوں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مقابلے جس میں پاکستان کے کھلاڑی یا ٹیم شرکت کررہے ہوں گے وہاں بھارتی ٹیمیں یا کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی،اسی طرح بھارت میں شیڈول ملٹی لیٹرل ایونٹس میں پاکستانی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کھیلوں کے مقابلوں پر پابندی گزشتہ سال لگائی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت نے پاکستان میں ہونے والے کرکٹ کے ملٹی لیٹرل ایونٹس کے علاوہ مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ بھارت میں انٹرنیشنل مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں، ٹیم افیشلز، ٹیکنیکل اسٹاف سمیت کھیلوں کے باڈیز کے افراد کو ویزہ پراسس بھی آسان کیا جائے گا۔