(ویب ڈیسک ) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ دشمن کا مقصد ایران کے اتحاد کو توڑنا ہے تاکہ ہمیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکے۔
محمد باقر قالیباف نے ایرانی قوم کے نام پیغام میں کہا کہ دشمن اپنے نئے منصوبے میں بحری ناکہ بندی کے ذریعے اقتصادی دباؤ اور میڈیا پروپیگنڈے کی کوشش کر رہا۔ اس کا مقصد ایران میں اتحاد کو توڑنا ہے تاکہ ہمیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی حملے کے امکان کو خصوصاً دہشت گرد حملوں کے امکان کو کم نہیں سمجھتے۔ یہ دشمن کی اس حکمت عملی کا وہ حصہ ہے، جو معاشرے سے متعلق ہے، اس کا مقصد ایران کو اندر سے کمزور کرنا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ ماہرین تسلیم کرتے ہیں کہ کتنے ہی معاشی دباؤ کا سامنا ہو، ایرانی اپنی آزادی، وقار، ایمان اور عقائد کی خاطرمشکلات برداشت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانیوں نے ادراک کر لیا ہے کہ انہیں تاریخ کے اس حساس دور میں اس دشمن کے خلاف ڈٹ جانا ہوگا، ایک ایسا دشمن جو اپنی خام خیالی میں یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ وہ ایرانی تہذیب کو تباہ کر سکتا ہے۔