لاہور اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں پہلی برفباری

لاہور اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں پہلی برفباری
کیپشن: لاہور اور کراچی سمیت ملک علاقوں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں پہلی برفباری

ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ کراچی اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں رات گئے گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن، لکشمی چوک، کینال روڈ، جیل روڈ، ڈیوس روڈ، ماڈل ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت متعدد علاقوں میں ابرِ رحمت برسا۔ بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور، دنیا پور، پاکپتن اور میاں چنوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ لودھراں میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں زیرِ آب آگئیں جبکہ چیچہ وطنی میں بارش کے دوران ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کراچی میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار کر دیا۔ اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، منگھوپیر، بلدیہ، سرجانی، ناظم آباد اور گلشن اقبال میں بارش کے باعث شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی موسم سرما کی آمد کا احساس بڑھ گیا۔ چارسدہ، شبقدر، سوات اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جبکہ کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کردی۔ مانسہرہ اور مظفرآباد میں بھی رات گئے موسلادھار بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی۔

Watch Live Public News