شاہ رخ کیساتھ فلم ملی تب بھی بھارت نہیں جاؤں گی، مومنہ اقبال

شاہ رخ کیساتھ فلم ملی تب بھی بھارت نہیں جاؤں گی، مومنہ اقبال
کیپشن: شاہ رخ کیساتھ فلم ملی تب بھی بھارت نہیں جاؤں گی، مومنہ اقبال

ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت جا کر کام کرنے کی خواہشمند نہیں، چاہے انہیں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کی پیشکش ہی کیوں نہ ہو۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں مومنہ اقبال نے اپنے نئے ڈرامے، شوبز کی ترجیحات اور ذاتی نظریات پر کھل کر بات کی۔ بھارت میں فلم یا ڈرامہ کرنے کے سوال پر اداکارہ نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ “میں پاکستان میں رہ کر ہی کام کرنا چاہتی ہوں، کیونکہ یہ ملک میری پہچان ہے۔”

مومنہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے وطن میں جو عزت، محبت اور کام کے مواقع میسر ہیں، وہی ان کے لیے کافی ہیں۔ “اگر میں پاکستان میں رہ کر اپنے ملک کا نام روشن کر سکوں تو یہی میری سب سے بڑی کامیابی ہے،” اداکارہ نے کہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے عوام کی محبت، خلوص اور پذیرائی کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے مطابق بیرون ملک شہرت حاصل کرنا مقصد نہیں، بلکہ اپنی سرزمین پر عزت کے ساتھ کام کرنا اصل فخر کی بات ہے۔

مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ “میں ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہوں گی۔ یہاں کے لوگ، میڈیا اور انڈسٹری نے مجھے وہ مقام دیا ہے جو شاید کہیں اور ممکن نہ ہوتا۔”

اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بھرپور حمایت دیکھنے میں آئی، جہاں صارفین نے مومنہ کے وطن دوستی کے جذبے اور ان کے عزم کو سراہا۔

Watch Live Public News