(ویب ڈیسک ) معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے ٹک ٹاکر فاطمہ خان کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ خان کی دماغی حالت درست نہیں اوروہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
رجب بٹ نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس کا ٹریلر جاری کردیا گیا لیکن ابھی تک مکمل پوڈکاسٹ ریلیز نہیں کیا گیا۔
پوڈکاسٹ میں رجب بٹ نے جوئے کی ایپلی کیشن کی تشہیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا تمام یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز نے ایسی تشہیر کی جب کہ دوسرے افراد بھی جوا کی پروموشن کرتے رہتے ہیں لیکن باقیوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ چند ماہ بعد بالآخر پاکستان جائیں گے، ان کا اپنے ملک کے علاوہ دیگر ممالک میں دل نہیں لگ رہا۔
پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے رجب بٹ نے ٹک ٹاکر فاطمہ خان کے جنسی ہراسانی اور جنسی تعلقات کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ خان کی دماغی حالت درست نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فاطمہ خان کو ایک ٹکے کا بھی کوئی تحفہ نہیں دیا، اگر انہوں نے اس طرح کا کوئی تحفہ دیا ہے تو وہ اس کے شواہد پیش کرے۔
رجب بٹ نے الزامات لگانے پر فاطمہ خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ وہ انہیں قانونی نوٹس بھجوا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر فاطمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ رجب بٹ نے شادی کا وعدہ کرکے ان سے ناجائز تعلقات استوار کیے جب کہ انہیں دھوکے میں بھی رکھا، انہیں قیمتی تحائف بھی دیے۔