راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع پر پیغام میں کہا کہ دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہرافسراورجوان کا عزم ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا یوم دفاع کے موقع پربیان میں کہا کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی وعسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے،یہ دن ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، 65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کوجرات اورپیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 65 کی جنگ میں قومی اتحاد ویکجہتی کا عظیم جزبہ دیکھنے میں آیا، اسی جذبے سے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا، پاک فوج اپنے نظم وضبط اوراعلی پیشہ ورانہ معیار کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے،ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہردم تیارہے۔ دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہرافسراورجوان کا عزم ہے،شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لیے قابل تقلید مثالیں ہیں،شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں. آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے،پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہماراقیمتی اثاثہ ہے،حال ہی میں بعض عناصرنے عوام اورفوج کےمقدم رشتے پروارکرنے کی مذموم کوشش کی،افواج پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ نہایت تحمل اورسمجھ داری سے اسے ناکام بنایا، مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسکی مثال نہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کی خواہشات اورامنگوں کا محور ہے،مضبوط معیشت اور مضبوط دفاع کے لیے ناگزیرہے. انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔