ویب ڈیسک: پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان نے 60ویں یوم دفاع کے موقع پر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 60ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر بہادر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سروسز چیفس نے 60ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے عزم اور حوصلے کی علامت ہے۔
عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا، بہادر جوان قوم کی حمایت سے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ناقابل تسخیر کھڑے ہیں۔ اُن کی بہادری نے ثابت کر دیا کہ متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی، ہمارے ہیروز کی جرات اور بہادری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک فوج ہر طبقے کی دھمکیوں سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
عسکری قیادت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنی بھرپور مدد جاری رکھے گی۔ مسلح افواج پاکستان بھر میں سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، مسلح افواج یوم دفاع و شہدا انتہائی سادگی سے منائیں گی۔
مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں، امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اللہ پاکستان کو امن، خوشحالی اور خوشیوں سے نوازے۔