ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 9 خوارج کو ہلاک کردیا ہے۔ صدرمملکت اور وزیرداخلہ نے کامیاب کارروائی پرفورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب دہشتگرد بھی شامل ہیں۔ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی رنگ لیڈر شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب تھا، کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ آپریشن نے اس سنگین جرم کا بدلہ لے لیا ہے اور مرکزی مجرم اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گہا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بچے ہوئے خارجی کو انجام تک پہنچایا جا سکے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت کا کامیاب کارروائی پر خراج تحسین:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 9 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت فتنۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ہے۔
صدر مملکت نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
اپنے بیان میں صدرمملکت نے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہاربھی کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خراج تحسین:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشن کے نتیجے میں 9 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی پوری قوم معترف ہے۔ قیام امن کیلئے پوری قوم سیکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہے۔