اربعین پر جانیوالے زائرین کیلئے اچھی خبر ، بڑی سہولت مل گئی

اربعین پر جانیوالے زائرین کیلئے اچھی خبر ، بڑی سہولت مل گئی

(ویب ڈیسک ) وزیرداخلہ محسن نقوی نے زائرین کی سہولت کے لئے اقدامات پر عراقی وزیر داخلہ اور عراقی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے  اہم ملاقات کی۔ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ  ہوائی سفر سے عراق جانے والےپاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہیں لئے جائیں گے۔   اربعین کے موقع پر ٹریول ایجنٹوں کی بجائے عراقی سفارتخانہ خود زائرین کو ویزے جاری کرے گا۔

 ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا،  رواں سال گزشتہ برس سے زیادہ ویزے جاری کئے جائیں گے۔

اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کیلئے سپیشل پروازیں کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ   زائرین کی مزید سہولت کیلئے کراچی میں عراقی قونصلیٹ کو دوبارہ اوپن  کرنے کے لئےآج ہی تمام معاملات حل کر لئے جائیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ  وزارت داخلہ اس ضمن میں ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کیلئے  ویزا فیس ختم کرنے کیلئے وزیر داخلہ اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے۔

ملاقات میں عراق میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ  اس ضمن میں عراق میں پولیس لائنزن آفیسر تعینات کیا جائے گا، زائرین سے زائد فیس چارج کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف بھر پور ایکشن لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ  ملاقات میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے  پر اتفاق کیا گیا۔ 

وزیرداخلہ محسن نقوی نے زائرین کی سہولت کے لئے اقدامات پر عراقی وزیر داخلہ اور عراقی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ  ہوائی سفر سے عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے فیصلے سے بہت سہولت ملے گی ۔ 

عراقی سفیر نے کہا کہ  پاکستانی زائرین کو دیگر ممالک کے مساوی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

عراقی سفیر نے عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق دورے کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ ملاقات میں پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

اس ملاقات میں سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری رفعت مختار راجہ  بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  فوری طور پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ محمد آصف سے رابطہ کیا۔ جس میں  عراقی ائیر لائن کو آج سے ہی  خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ عراقی ائیر لائن کو آج ہی باضابطہ طور پر خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

اس کے علاوہ پی آئی اے کی بھی خصوصی پروازیں عراق کے لئے چلائی جائیں گی۔ حتمی شیڈول کل تک جاری کر دیا جائے گا۔

Watch Live Public News