ویب ڈیسک: سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) سے مطالبہ کیا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے بابر اعظم کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔ سوئنگ کے سلطان نے بابر اعظم کو نمبر 3 پر بیٹنگ کا مشورہ بھی دیا۔
اپنے بیان میں سابق کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ جیسے میگا ایونٹ کیلئے قومی ٹیم کو تجربہ کار بیٹر کی ضرورت پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے بس میں ہوتا تو میں بابر کو ٹیم میں کھیلنے کا موقع ضرور دیتا کیونکہ ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ آنے والا ہے۔
وسیم اکرم نے سابق کپتان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سوئنگ کے سلطان نے شائقین کو یاد دلایا کہ 2019 میں جب بابر نے سمر سٹ کاونٹی کھیلی تو انہوں نے 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے تھے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ جب آپ بڑی ٹیموں کیخلاف 140 یا 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہے ہوں تو ایسے موقع پر ذمہ داری سے کھیلنے والے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے۔ بابر ایسی صورتحال میں دوسرے کھلاڑی کو بھی ساتھ لے کے چلنے والا بیٹر ہے۔