امریکہ کے نئے قونصل جنرل کی مریم نواز سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

امریکہ کے نئے قونصل جنرل کی مریم نواز سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: امریکہ کے نئے قونصل جنرل کی مریم نواز سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں تعینات ہونے والے امریکہ کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز کی ملاقات۔ باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی تعلقات، توانائی تعاون، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسٹیٹسن سینڈرز کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور قونصل جنرل کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ اسٹیٹسن سینڈرز کی تعیناتی تب ہوئی جب پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ایک قابلِ اعتماد، مستحکم اور دور رس شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں۔ عوامی رابطوں، تجارتی تعاون اور مشترکہ مفادات نے پاک امریکہ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند امر ہے۔ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور قابلِ اعتماد اقتصادی پارٹنر ہے۔ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی ایک مضبوط کڑی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ہر سال 20 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس فارغ تحصیل ہو رہے ہیں۔ پنجاب پاکستان کی زرعی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ پنجاب حکومت واٹر ایفیشنٹ فارمنگ، پریسیژن ایگریکلچر، اور کولڈ چین انفرااسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امریکی ایگریکلچر ٹیکنالوجی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کا تعلق ایک آزمودہ، با اعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلق کو ایک جامع، اسٹریٹجک اور عوامی مفاد پر مبنی پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

Watch Live Public News