مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کی بس کھائی میں گرنے سے2اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کی بس کھائی میں گرنے سے2اہلکار ہلاک
کیپشن: مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کی بس کھائی میں گرنے سے2اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک: مقبوضہ کشمیر کے ضلع ادھم پور میں بھارتی فورسز کی ایک بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ ادھم پور کے علاقے بسنت گڑھ میں پیش آیا، جہاں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں کو لے جانے والی بس اچانک سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں کل 23 اہلکار سوار تھے۔

حادثے کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ کم از کم 15 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق بس کی بریک فیل ہونے یا ڈرائیور کی غفلت کو ممکنہ طور پر واقعے کا سبب قرار دیا جا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اہلکاروں کو پیش آنے والے ایسے حادثات ماضی میں بھی ہو چکے ہیں، جن میں کئی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ سڑکوں کی خراب حالت، دشوار گزار پہاڑی راستے اور مناسب احتیاطی تدابیر نہ ہونے کے باعث اس طرح کے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔

Watch Live Public News