(ویب ڈیسک) وزیر اعلی مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کا پرجوش خیر مقدم کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے امتِ مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دے دیا۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، صدر رجب طیب اردوان اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلم دنیا کے اتحاد کی کاوشوں کو سلام پیش کیا۔
وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو ایک پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہے، مکہ مکرمہ کی چھاؤں تلے تین بڑی معاشی،عسکری و سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت لئے خوشخبری ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالمِ اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی و ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علم بردار رہے گا،باہمی دفاعی معاہدے سے نہ صرف ہماری سرحدیں محفوظ ہوں گی بلکہ امتِ مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ کسی ایک ملک پر حملہ، سب پر حملہ تصور ہوگا مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی، پاکستان ہمیشہ ایسے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو مسلم دنیا کے اتحاد،اجتماعی سلامتی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنائیں۔