اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان منگل کو کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم بلوچستان کے علاقے نوشکی بھی جائیں گے۔ نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔ دو روز قبل بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 20 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا تھا۔ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے تھے۔ وزیراعظم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کا حوصلہ بڑھائیں گے ۔ وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سیکیورٹی امور سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے وزیر اعظم کے دورے پر پی ٹی آئی اور بی اے پی کے تعلقات سے متعلق تحفظات سے آگاہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں بی اے پی مستقبل کا لائحہ عمل اختیار کرے گی۔