ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے کیس میں بانئ پی ٹی آئی کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار دے دیے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آئینی بنچ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے سماعت کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ترامیم کیخلاف پہلے ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیاگیا؟
وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ سے لوگوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ آرٹیکل184/3میں قوانین کیخلاف درخواستیں مرضی سے سنتی رہی۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ جوکیس دل کیا سن لیا ورنہ کہہ دیا پہلے ہائیکورٹ جائیں،براہ راست درخواستیں سنتے رہے تو آرٹیکل 199 غیرموثر ہو جائے گا۔
وکیل بانی پی ٹی آئی عمران خان شعیب شاہین نے کہاکہ یہ فیصلہ رجسٹرار نہیں، عدالت کر سکتی ہے۔
بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قراردیتے ہوئے باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونےپر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔