چین،امریکا،برطانیہ،سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت

چین،امریکا،برطانیہ،سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت
کیپشن: چین،امریکا،برطانیہ،سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں مسجد پر ہونے والے خودکش حملے کی چین، امریکا، برطانیہ، روس، افغانستان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکیہ، آسٹریلیا، جرمنی، کینیڈا، ایران، آذربائیجان، بھارت، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے کئی ممالک اور عالمی اداروں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

چین کے سفارت خانے نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت اور عوام پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

افغان وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں مسجد پر حملے کے نتیجے میں نمازیوں کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ افغان وزارتِ خارجہ نے کہا کہ مساجد اور مقدس مذہبی شعائر کو نشانہ بنانا اسلامی اور انسانی اقدار کے منافی ہے، جبکہ عبادت گزاروں اور عام شہریوں پر حملے ناقابل قبول اور قابل مذمت ہیں۔

کینیڈا کے ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کو انسانیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔

متحدہ عرب امارات نے اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای اس مجرمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے اپنے مستقل مؤقف کی توثیق کرتا ہے، جو امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہیں۔

امریکی سفارت خانے نے جاری بیان میں کہا کہ امریکا اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس میں بے گناہ نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ امریکا ہر قسم کی دہشت گردی اور تشدد کی مخالفت کرتا ہے۔

امریکی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے میں اس حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔

ترک وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ راولپنڈی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے اللہ تعالیٰ سے رحمت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانا کھلی دہشت گردی ہے۔ سعودی حکومت نے شہدا کے اہلِ خانہ، حکومتِ پاکستان اور عوام سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران بلا امتیاز ہر قسم کی دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی مخالفت کرتا ہے۔ ایران نے شہدا کے لواحقین، پاکستانی عوام اور حکومت سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔

برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والا ہولناک حملہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ ہمارے خیالات متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، جبکہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد میں عبادت گزاروں پر حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی بیان میں اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

آذربائیجان کی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اسلام آباد میں مسجد پر ہونے والے المناک دہشت گرد حملے کے بعد پاکستانی عوام اور حکومت سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

پاکستان میں یورپی یونین کے مشن نے بھی حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی تمام اقسام کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔

Watch Live Public News