بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں تبدیلی کا فیصلہ

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں تبدیلی کا فیصلہ
کیپشن: بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں تبدیلی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز کے نظام میں ردوبدل کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ مجوزہ تبدیلیوں کے تحت زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں کمی جبکہ کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ماہانہ 300، 400، 500، 600 اور 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی تجویز دی ہے، جبکہ ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بھی فکسڈ چارجز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، حالانکہ اس سے قبل یہ چارجز صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر لاگو ہوتے تھے۔

تجویز کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 200 روپے جبکہ ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کیے جانے کی تجویز ہے۔

نان پروٹیکٹڈ صارفین میں ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 275 روپے، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے 300 روپے اور ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 350 روپے فکسڈ چارجز تجویز کیے گئے ہیں۔

اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ 400 یونٹ تک بجلی استعمال پر فکسڈ چارجز 200 روپے سے بڑھا کر 400 روپے، 500 یونٹ استعمال پر 400 سے بڑھا کر 500 روپے اور 600 یونٹ استعمال پر 600 سے بڑھا کر 675 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ماہانہ 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 800 روپے سے کم کر کے 675 روپے جبکہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 325 روپے کمی کے بعد فکسڈ چارجز 675 روپے کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی سے متعلق تجاویز کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ 400 یونٹ استعمال پر فی یونٹ ایک روپے 53 پیسے، 500 یونٹ تک استعمال پر ایک روپے 25 پیسے، 600 یونٹ تک استعمال پر ایک روپے 40 پیسے اور 700 یونٹ استعمال پر فی یونٹ 91 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ماہانہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 49 پیسے کمی کی تجویز شامل ہے۔

تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 5 کلو واٹ یا اس سے زائد لوڈ رکھنے والے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف میں فی یونٹ ایک روپے 15 پیسے جبکہ صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی جائے۔

پاور ڈویژن نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مجوزہ تبدیلیوں سے متعلق درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے، جس پر نیپرا 10 فروری کو سماعت کرے گا۔

Watch Live Public News