ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں 28 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق فروری کے ماہانہ بجلی کے بلوں میں ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر کیا جائے گا۔
تاہم نیپرا نے لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، جس کے باعث ان صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں دسمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ نیپرا نے درخواست کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔