ویب ڈیسک: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ میچ ایڈن گارڈن میں کھیلا گیا جہاں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز نے شمرون ہٹ مائر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ ہٹ مائر نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ برینڈن کنگ نے 35، رومان پول نے 24 جبکہ شرفین رتھرفورڈ نے 26 رنز اسکور کیے۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 19ویں اوور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان رچی بیرنگٹن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 20 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔