امریکا میں برفانی طوفان،6 ہلاک، لاکھوں بجلی سے محروم، اسکول ، دفاتر بند

snow storms in us
کیپشن: snow storms in us
سورس: google

ویب  ڈیسک :امریکا میں برفانی طوفان کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم،  وسطی اور جنوبی رہاستوٕں سے لے کرمشرقی ساحلی علاقے تک میں سفر  خطرناک ،  مختلف حادثات میں6 افراد ہلاک متعدد زخمی۔  کئی  ریاستوں میں اسکول اور دفاتر بند کر دئیے گئے۔

کنساس، مغربی نیبراسکا اور انڈیانا کے کچھ حصوں میں برف نے بڑی سڑکوں کو ڈھانپ دیا ہے، جہاں ریاستوں کے نیشنل گارڈز کو پھنسے ہوئے ڈرائیورز کی مدد کے لیے متعین کیا گیا ۔ بجلی کے استعمال کا جائزہ لینے والی ویب سائٹ ، الیکٹرک یوٹیلیٹی ٹریکنگ PowerOutage.us کے مطابق، کینٹکی، انڈیانا، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، الی نوئے اور میزوری میں پیر کی صبح تقریباً تیس ہزار صارفین بجلی سے محروم تھے۔

 موسمیات کے قومی مرکز نے کنساس اور میزوری کے لیے موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی، جہاں برفانی طوفان اپنے ساتھ 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں لے کر آئے۔ نیو جرسی کے لیے بھی پیر اور منگل کی صبح کے لیے یہ وارننگ جاری کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ، "اس خطے کے ان مقامات کے لیے جہاں سب سے زیادہ برف باری ہوتی ہے، یہ کم از کم ایک عشرے میں سب سے زیادہ برف باری ہو سکتی ہے۔

پیر کے روز زیادہ تر اسکول بند ہو گئے ۔ انڈیانا، ورجینیا، کینٹکی، میزوری اور کنساس کے ڈسٹرکٹس نے اتوار کی سہ پہر کو کلاسز کی منسوخی اور تاخیر کا اعلان کرنا شروع کر دیا۔ کینٹکی کے جیفرسن کاؤنٹی پبلک اسکولز نے اپنے تقریباً ایک لاکھ طلباء کے لیے کلاسز، غیر نصابی سرگرمیاں اور ایتھلیٹکس کو منسوخ کردیا

میری لینڈ میں بھی کلاسیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جہاں گورنر ویس مور نے اتوار کو ہنگامی حالت کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ریاستی حکومت پیر کو بند رہے گی۔

مور نے ایک بیان میں کہا ،"میری لینڈ کے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ براہ کرم اس طوفان کے دوران سڑکوں سے دور رہیں۔ اپنے گھر اور خاندان کو تیار کریں اور بجلی چلے جانے کی صورت میں اپنے مواصلاتی آلات کو چارج کرکے رکھیں ۔"

 کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ سرکاری عمارتیں پیر کو بند رہیں گی۔

بیشیر نے کہا، "ہم ان لوگوں کے لیے وہاں بہت زیادہ تباہی دیکھ رہے ہیں جن کے لیے سڑکوں پر موجود ہونا ضروری نہیں ہے، اس لیے میں انہیں گھر میں ہی رہنے کی ہدایت کروں گا۔‘‘

 ورجینیا اسٹیٹ پولیس کو اتوار کی شام چار بجے سے پیر کی صبح 4 بجے کے درمیان ریاست بھر میں کم از کم 230 حادثات کی اطلاع ملی ، جن میں 20 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے۔یر کی صبح ملک بھر میں 1,400 سے زیادہ پروازیں منسوخ اور مزید 740 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر آنے والی لگ بھگ 46 فیصد اور روانگی کی تقریباً 46 سے 59 فیصد فلائٹس کی منسوخی کی اطلاع دی گئی ہے ۔

نیشنل ویدر سروس میں ، ریاست مین کے ماہر موسمیات ، جون پامر کا کہنا ہے کہ پیر سے امریکہ کے مشرقی حصے کے دو تہائی علاقے میں خطرناک حد تک شدید سردی اور سرد ہوائیں چلیں گی ۔ درجہ حرارت نارمل کے مقابلے میں 12سے 25ڈگری (7 سے 14 ڈگری سیلسیس ) تک گر سکتا ہے ۔

 ان کا کہنا تھا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں کئی دن تک سردی پڑنے کا امکان زیادہ ہے ۔ مشرقی امریکہ میں سرد ہوائیں جنوب میں جارجیا تک کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی اور مشرقی ساحلی علاقوں میں امکان ہے کہ سرد ہوائیں زیادہ چلیں گی اور درجہ حرارت میں سنگل ڈیجٹ کی کم ترین سطح کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Watch Live Public News