مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازیں معطل، مسافروں کو سفر سے قبل تصدیق کی ہدایت

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازیں معطل، مسافروں کو سفر سے قبل تصدیق کی ہدایت
کیپشن: مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازیں معطل، مسافروں کو سفر سے قبل تصدیق کی ہدایت

ویب ڈیسک: اگر آپ آئندہ ہفتوں  میں بیرونِ ملک سفر کا ارادہ رکھتے ہیں، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ یا اس کے راستے سفر کرنے والے ہیں، تو روانگی سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کر لیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ سکیورٹی صورتحال کے باعث متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل یا محدود کر دی ہیں۔

اگست، ستمبر اور اکتوبر کے دوران کئی ایئرلائنز نے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف روٹس پر معطلی کی مدت میں توسیع کر دی ہے، جس کے باعث دبئی، ابوظہبی اور خطے کے دیگر شہروں کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو تاخیر، منسوخی اور دوبارہ بکنگ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بعض ایئرلائنز نے پروازوں کی تعداد بھی کم کر دی ہے، جبکہ کچھ نے اپنے آپریشنل شیڈول اور دوبارہ بکنگ کی پالیسیوں میں تبدیلی کی ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کر لیں، کیونکہ آپریشن بحال ہونے کی تاریخوں میں تبدیلی ممکن ہے۔

جن ایئرلائنز نے پروازیں معطل یا محدود کر رکھی ہیں اُن میں ایجین ایئر لائنز، ایئر آستانہ، ایئر کینیڈا، ایئر فرانس، ایئر بالٹک، برٹش ایئرویز، کیتھے پیسیفک، فن ایئر (Finnair)، آئی ٹی اے ایئرویز، کے ایل ایم (KLM)، لفتھانسا گروپ، فلپائن ایئر لائنز، سکوٹ، سنگاپور ایئر لائنز، ویز ایئر شامل ہیں۔
ترکش ایئرلائنز کی تازہ صورتحال
ترکش ایئرلائنز نے دبئی، ابوظہبی، دمشق، بیروت اور عمان کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ بحال کر دی ہیں، تاہم ایران کے لیے فضائی آپریشن تاحال معطل ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافر اپنی ایئرلائن سے مسلسل رابطے میں رہیں اور سفر سے قبل پرواز کے شیڈول اور سفری ہدایات کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع پریشانی سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News