برکس کا ایران پر حملوں کی مذمت، غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ: ٹرمپ کی دھمکی آمیز وارننگ

برکس کا ایران پر حملوں کی مذمت، غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ: ٹرمپ کی دھمکی آمیز وارننگ
کیپشن: برکس کا ایران پر حملوں کی مذمت، غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ: ٹرمپ کی دھمکی آمیز وارننگ

ویب ڈیسک: عالمی طاقتوں کے متبادل اتحاد برکس نے ایران پر حالیہ حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے، تاہم اعلامیے میں امریکا یا اسرائیل کا نام براہِ راست نہیں لیا گیا۔

برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل تنظیم کا 17واں سربراہی اجلاس برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں دو روزہ سیشن کی صورت میں شروع ہوا، جس میں خطے اور عالمی معیشت سے متعلق کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران کی شہری اور جوہری تنصیبات پر 13 جون کے بعد ہونے والے حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ برکس نے زور دیا کہ ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے اور ایسے حملے فوری بند کیے جائیں۔

علاوہ ازیں، اعلامیے میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

برکس نے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے ٹیرف کو عالمی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا اور ایران و ایتھوپیا کی ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (WTO) میں شمولیت کی حمایت کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ برکس میں حال ہی میں مصر، ایران، ایتھوپیا، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کی شمولیت سے اس اتحاد کی عالمی اہمیت اور اثرورسوخ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ٹرمپ کا سخت ردعمل

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس کے مؤقف کو "امریکا مخالف پالیسی" قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک اس لائن پر چلیں گے، ان پر اضافی 10 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ "ہم نے مختلف ممالک کو ٹیرف سے متعلق خطوط ارسال کر دیے ہیں، جو برکس کے اثر میں آکر امریکا کی اقتصادی پالیسیوں سے ہٹیں گے، اُنہیں مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔"

Watch Live Public News