حکومت اور اسٹیٹ بینک کے سخت فیصلوں سے معیشت بحالی کی راہ پر ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

حکومت اور اسٹیٹ بینک کے سخت فیصلوں سے معیشت بحالی کی راہ پر ہے: گورنر اسٹیٹ بینک
کیپشن: حکومت اور اسٹیٹ بینک کے سخت فیصلوں سے معیشت بحالی کی راہ پر ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

ویب ڈیسک:  گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات اور اسٹیٹ بینک کی سخت پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وی فنانس کوڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیم کی کاوشوں سے یہ منصوبہ ممکن ہوا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے میکرو اکنامک استحکام ناگزیر ہے۔

جمیل احمد نے کہا کہ "ماضی قریب میں معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا، مگر حکومت اور اسٹیٹ بینک کے بروقت اور مشکل فیصلوں کی بدولت صورتحال میں بہتری آئی ہے۔"

انہوں نے بتایا کہ افراطِ زر میں نمایاں کمی آئی ہے اور کرنٹ اکاؤنٹ اب سرپلس ہو چکا ہے، جو معاشی پالیسیوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے خبردار کیا کہ اگر ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہ سیکھا تو دوبارہ وہی بحران سر اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ بہتری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں ایک پائیدار اور مستحکم معیشت کی طرف پیش قدمی کرنی چاہیے۔

Watch Live Public News