ویب ڈیسک: چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز – ملٹری)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور پاکستان کی مسلح افواج نے آج کے دن حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل عزم اور دفاعِ وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی پر دلی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے 1999 کی کارگل جنگ کے دوران اپنی جان کا نذرانہ دے کر قربانی و بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ 7 جولائی 1999 کو دشمن کے تابڑ توڑ حملوں کے باوجود انہوں نے شدید زخمی حالت میں بھی اپنی پوسٹ کا دفاع جاری رکھا اور دشمن کے حملے پسپا کیے۔ شہید نے زخمی ہونے کے باوجود پیچھے ہٹنے سے انکار کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اور پوری قوم ان کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔ شہید کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے روشنی کا مینار ہے اور ان کا جذبہ، بہادری اور حب الوطنی پاکستان کے ہر سپاہی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
افواجِ پاکستان نے عزمِ نو کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء پاکستان کے مقدس مشن کو جاری رکھیں گے اور مادرِ وطن کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔
Field Marshal Syed Asim Munir, NI (M), Chief of Army Staff, Chairman Joint Chiefs of Staff Committee, Chief of Naval Staff, Chief of Air Staff and the Armed Forces of Pakistan solemnly commemorate and pay heartfelt tribute to Havildar Lalak Jan Shaheed, Nishan-e-Haider, honoring… pic.twitter.com/idR1yzoAkG
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) July 6, 2025