آئندہ 2برسوں میں سبز پاسپورٹ کی قدر بڑھائیں گے،محسن نقوی

آئندہ 2برسوں میں سبز پاسپورٹ کی قدر بڑھائیں گے،محسن نقوی
کیپشن: آئندہ 2برسوں میں سبز پاسپورٹ کی قدت بڑھائیں گے،محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئندہ دو برسوں میں پاکستانی گرین پاسپورٹ کی وقعت اور اہمیت میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش سفری مشکلات کم کرنے اور پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ "وزیراعظم کی جانب سے بلیو پاسپورٹ دینے کے وعدے پر بھی پیش رفت جاری ہے، اور ہم نے پاسپورٹ ٹریکنگ سسٹم کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی ہے۔"

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ویزا سہولتوں میں پیش رفت

وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت کی کوششوں سے عمان میں پاکستانیوں کے ویزے کھول دیے گئے ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات سے بھی ویزا مسائل کے حل پر بات چیت جاری ہے۔

کراچی کی ترقی کو قومی اہمیت حاصل ہے

محسن نقوی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے، اور یہاں مسائل بھی زیادہ ہیں، مگر حکومت ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "اگر کراچی صحت مند ہوگا، تو پاکستان بھی صحت مند ہوگا۔"

انہوں نے بتایا کہ کراچی سیف سٹی منصوبہ وزیراعظم کی خصوصی ترجیح ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ "فیصل آباد میں سیف سٹی سسٹم کے ذریعے جرائم میں واضح کمی آئی، اور یہی ماڈل کراچی میں بھی کامیابی سے لاگو کیا جا رہا ہے۔"

انکروچمنٹ اور سیکیورٹی کے اہم نکات

محسن نقوی نے بتایا کہ انکروچمنٹ (قبضہ مافیا) کے خلاف کاروائی کے لیے سزا و جزا کا نظام ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں انکروچمنٹ پر جرمانے بڑھا دیے گئے ہیں اور وزیراعظم و آرمی چیف اس معاملے پر مکمل متوجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر پولیس اور انتظامیہ قابل تحسین ہیں، اور اس بار موبائل سروس بندش کو کم سے کم رکھا گیا۔

اسمگلنگ پر قابو، شہری سہولتوں میں بہتری کی یقین دہانی

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل کراچی سے ڈالر اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ عروج پر تھی، لیکن اب اس پر مؤثر کنٹرول حاصل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیکس نظام، سیکیورٹی اور شہری سہولیات میں بہتری کے ذریعے پاکستان کو ایک محفوظ، خوشحال اور باوقار ملک بنایا جائے گا۔

Watch Live Public News